مدارس میں اصلاحات سے طلبہ سیاسی مقاصد کیلیے استعمال نہیں ہونگے،وزیراعظم

104
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہوگئیں تو مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکے گا، مولانا اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کی کوشش میں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین، اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کی طرف سے آزادی مارچ کے اعلان پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہو گئیں تو مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ احتساب کے معاملے میں کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمے داری پوری کرے گی۔شرکا نے رائے دی کہ مولانا فضل الرحمن شوق سے اسلام آباد آئیں، امید ہے مولانا فضل الرحمن 27 اکتوبر کی تاریخ نہیں بدلیں گے۔اجلاس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پراجلاس کو بریفنگ دی۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اسٹیل ملزعامر ممتاز اور وزیر نجکاری میاں محمد سومرو نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق کی جانے والی کوششوں اور مختلف امور پر غور کیا گیا۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے، جس سے سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ ختم ہوگا وہیں ادارے کو اتنا فعال بنایا جائے گا کہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
وزیراعظم