اسلام آباد کنونشن تاجر تحریک میں فیصلہ کن موڑ ثابت ہو گا، کاشف چودھری

264

کراچی (نمائندہ جسارت)آل تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئر مین محمد کاشف چودھری نے کہا کہ 7اکتوبر کا اسلام آباد تاجر کنونشن اور مارچ تاجر تحریک میں فیصلہ کن موڑ ثابت ہو گا ۔ تاجر عالمی سود خور ادارے آئی ایم ایف کے ڈکٹیشن پر تیار ہونے والا بجٹ ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔ ملک کے چھوٹے تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر رشوت اور کرپشن کے دروازوں کو بند کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ گزشتہ روز لاہور میں آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وفد نے اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور تاجر تحریک کے اگلے مرحلے پر صلاح و مشورہ کیا۔ انہوں نے کراچی کے تاجر مسائل مرکزی چیئر مین کاشف چودھری کے سامنے رکھے اور ان کے حل کے لیے ان سے مدد اور تعاون کی درخواست کی ۔ وفد میں ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے رہنما نوید احمد ، عثمان شریف، صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما محمد ربان ، اقبال یوسف اور دیگر شامل تھے ۔ محمود حامد نے کہا کہ کراچی کے تاجر حالیہ بجٹ کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ مگر کراچی میں بگڑتی ہوئی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ، صفائی کے ناقص انتظامات ، حالیہ بارشوں سے مارکیٹوں میں پانی کے داخلے کے باعث نقصانات اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں سنگین مسائل ہیں جس کے نتیجے میں تاجروں کا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیاہے ۔ کاشف چودھری نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ۔ یہ 70فیصد ریونیو قومی خزانے کو دیتا ہے ۔ یہاں تاجروں کے مسائل کو حل کرنا بے حد ضروری ہے ہم ان مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کریں گے ۔ کراچی کے جیالے تاجروں نے ماضی میں بھی آئی ایم ایف کے عاید کردہ ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف بھر پور جدو جہد کی ہے اس بار تحریک میں کراچی کے تاجر ہمارا ہر اول دستہ ہیں ،ہم سب مل کر اس ظالمانہ بجٹ اور قوانین کو ختم کرائیں گے ۔ حکومت شناختی کارڈکی لازمی شرط کو ٹیکس وصولی کی گیدڑ سنگی سمجھ رہی ہے حالانکہ اس شرط کے باعث ملک کی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے اور اس کے نفاذ کے بعد بھی یہ صرف کرپشن کے دروازے کھولے گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ معیشت کی بحالی اور بحرانی کیفیت کے خاتمے کے لیے ملک میں تاجروں کی مشاورت سے فکسڈ ٹیکس نظام نافذ کیا جائے ۔ اس وقت تاجرفاقہ کشی کا شکار ہیں ، سرمایہ بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 7اکتوبر کے تاجر کنونشن میں تاجروں کی بھر پور شرکت نئی تاریخ رقم کرے گی ۔
کاشف چودھری