انڈر 19، 3 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کوایک اننگز اور 60 رنز سے شکست دے دی۔286 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 129رنز پر بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔فالو آن کا شکار ہونے کے بعد بلوچستان نے 31 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے آخری روز اننگز کا آغاز کیا تو 40.2 اوورز میں 97 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔دوسری اننگز میں بلوچستان کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکے۔خیبرپختونخوا کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عمران نے 7، وسیم خان جونیئر نے 6 اور محمد علی نیمیچ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ثاقب جمیل، سلمان خان جونیئر اور محمد عامر کی نصف سنچریوں کی بدولت خیبرپختونخوا نے 286 رنز بنائے تھے۔دوسری جانب اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں سندھ اور سنٹرل پنجاب کے درمیان دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے والا میچ بالآخرڈرا ہوگیا۔میچ کے آخری روز سندھ نے مجموعی طورپر70 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کیاتو اوپنر جہانزیب سلطان نے شاندار سنچری اسکور کی۔ میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 269 رنز کا ہدف ملاتاہم 2 کے مجموعی اسکور پر ان کی پہلی وکٹ گر نے کے بعد مڈل آرڈر نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کردی۔ 95 اسکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ابرار حسین نے وکٹ کے اینڈ سے سندھ کے باؤلرز کے خلاف دفاعی کھیل کامظاہرہ کیا۔ انہوں نے 128 گیندوں پر ناقابل شکست 19 رنز بناکر ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا۔ابرار حسین کی بھرپور دفاعی حکمت عملی کے باعث سنٹر ل پنجاب کی ٹیم میچ بے نتیجہ ختم کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ کے لیے مقررہ وقت کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 75 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے تھے۔