کے ڈی اے ، گلستان جوہر میں پارک کی زمین کا قبصہ ختم نہیں کراسکا

258

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے ) گلستان جوہر بلاک 3 اے میں ایک ایکڑ رقبے کے پارک کے پلاٹ سے غیر قانونی تعمیرات ختم نہیں کراسکی۔ خیال رہے کہ کے ڈی اے نے گلستان جوہر بلاک 3 اے کی ایس ٹی 15 پر غیر قانونی بنگلوز کی تعمیرات اور گرین بیلٹ تعمیر کی گئی خلاف قانون دیوار گرانے کے لیے یکم اکتوبر کو انہدامی کارروائی کرنی تھی اس مقصد کے لیے کے ڈی اے نے پولیس اور رینجرز فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھا تھا۔ تاہم یکم اکتوبر کو کے ڈی اے کا محکمہ اینٹی انکروچمنٹ و اسٹیٹ نے مذکورہ پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کے لیے کارروائی نہیں کی۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ و اسٹیٹ وریل ایندھر نے بتایا ہے کہ ” انہدامی کارروائی کے لیے عملہ سائٹ پر پہنچا تو وہاں پولیس نہیں تھی۔ وہ پولیس فورس کے لیے تھانے پہنچے تو پولیس افسر نے بتایا کہ مذکورہ بلڈر نے رفاہی پلاٹ پر کسی قسم کی کارروائی روکنے کے لیے حکم امتناع حاصل کرلیا ہے اس لیے پولیس مدد فراہم نہیں کی جاسکتی ہے “۔ واضح رہے کہ مذکورہ بلڈر نے اگر اسٹے آرڈرز حاصل کیا ہے تو اسے پارک کی زمین پر کسی قسم کی تعمیرات نہیں کرنی چاہیے لیکن وہ ہنوز غیرقانونی تعمیرات میں مصروف ہے۔ جبکہ کے ڈی اے مزید تعمیرات کو روکنے کی کوشش بھی نہیں کر رہا۔ یادرہے کہ مذکورہ 4975 مربع گز زمین پر بلڈر 28 بنگلوز بنانا چاہتا ہے اور اب تک 15 بنگلوں کی تعمیرات مکمل کرکے انہیں سادہ لوح افراد کو فروخت بھی کرچکا ہے۔