امیرالبحر کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات‘دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

382
ملائیشیا: پاک بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں
ملائیشیا: پاک بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں ۔اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے چیف آف رائل ملائیشین نیوی اور ملائیشیا کے وزیر دفاع سے ملاقات کی۔ کوالا لمپور میں وزارت دفاع آمد پرچیف آف دی رائل ملائشین نیوی ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سینی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور،دوطرفہ بحری تعاون اورپاک بحریہ اور ملائیشین بحریہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو مزیدفروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر گفتگو کی گئی۔ امیر البحر نے خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم و کاوشوں پر روشنی ڈالی۔امسال کراچی میں پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقد کی گئی کثیر ملکی میری ٹائم مشق امن 19- میں ملائیشین بحریہ کی شرکت پر امیر البحر نے ایڈمرل تان سری محمد کا شکریہ ادا کیا۔ ملائیشین نیول چیف نے دونوں بحری افواج کے مابین مضبوط دو طرفہ بحری تعاون کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کی معاونت اور امن19- مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشیں اور عزم قابل تعریف ہیں۔ دونوں شخصیات نے دوطرفہ دوروں، بحری مشقوں اورمشترکہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے باہمی تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو رائل ملائیشین نیوی کے کردار اورذمے داریوں پربریفنگ بھی دی گئی۔ بعد ازاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملائیشین وزیردفاع محمد سابو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق کیا۔ اپنے دورے کے دوسرے حصے میں سربراہ پاک بحریہ رائل ملائیشین نیوی کے دیگر یونٹس اور فیلڈ کمانڈ ز کا دورہ کریں گے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کے اس دورے سے دونوں ممالک میں بالعموم اوربحری افواج کے مابین بالخصوص دو طرفہ تعاون میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔