اقوام متحدہ کے امن مشن کو مقبوضہ کشمیر بھجوائے‘ مشال ملک

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو روکے اور امن مشن بھیجے، دنیا مسئلہ کشمیر کو سمجھنے میںغلطی کر رہی ہے۔کشمیر میں موجودہ حالات سے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان صورتحال کشیدہ ہورہی ہے۔اگر جنگ ہوئی تو دنیا بھی اس کی لپیٹ میں آئے گی۔جمعہ کو مرزا اختیار بیگ اور مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں معاشی فوائد ڈھونڈنے والے ممالک کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے نہیں تو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری محفوظ نہیں ہوگی۔ کشمیر علاقائی مسئلہ نہیں ہے۔کشمیر کو فلسطین نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے لوگوں کے پاس کھانے پینے کے لیے کچھ نہیں ، ادویات نہیں ہیں لیکن کشمیری کرب کی زندگی گزار رہے ہیں۔کشمیری آزادی سے کم نہیں مانگتے ہیں۔مشال ملک نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے کرفیو ہٹایا جائے، بھارتی فوج کو وادی سے نکالاجائے۔قبل ازیںکراچی آمد کے بعد جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشال ملک کا کہنا تھا کہ قائد کے مزار سے کشمیر کی آزادی کی تحریک شروع کی جائے، کشمیر کے مسئلے کو پوری دنیا میں لے کر جائینگے امن کا راستہ کشمیر کے مسئلے سے جڑا ہے،کشمیر کی آزادی کے لیے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میں کراچی آنے کے لیے بے تاب تھی کراچی کے تمام عوام کو سلام ہے جو کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے نکلتے ہیں اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں، جس طرح پاکستان کے لیے قائد اعظم نے تحریک چلائی اسی طرح کشمیر کے لیے بھی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں، دنیا کو کشمیریوں کا فیصلہ تسلیم کرنا پڑے گا۔ بعد ازاں مشال ملک نے مزارقائد پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کے عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ قائد کے مزار سے کشمیر کی آزادی کی تحریک چلائیںہم قائد کی طرح بہادر بن کر سرپر کفن باندھ کرنکلیں گے، میں جب بھی افسردہ ہوتی ہوں قائد کی جدوجہد کو یاد کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا یو این میں خطاب بہت معنی رکھتا ہے،بہت ضروری ہے کہ پاکستان کی حکومت اس پہ ڈپلومیسی کرے،یہ پورے کشمیر کی آواز ہے۔