حکومت تحلیل کر کے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے‘ حافظ حمد اللہ

111

اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علما اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے ایک شرط پر بات ہو سکتی ہے کہ حکومت تحلیل کر کے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن اپنا خرچ ساتھ لائیں گے‘ وہ ممی ڈیڈی یا برگر نہیں ہیں بلکہ دال کھا کر بھی زندہ رہ لیں گے۔ جے یو آئی رہنما نے بتایا کہ یہ طے کرنا ابھی باقی ہے کہ ڈی چوک میں دھرنے کے بعد کیا کرنا ہے‘ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ27 اکتوبر کو ہم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، جس طرح مظلوم کشمیریوں کو مودی سے نجات دلانی ہے‘ اسی طرح اپنی عوام کو موجودہ حکومت سے چھٹکارا دلانا ہے۔ جیل میں نوازشریف سے ملاقات کے متعلق سوال پر جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وہاں دھرنے کے خدوخال اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی‘ حکومت گرائے بغیر ہم ڈی چوک سے نہیں اٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں پہنچنے کے بعد کیا کرنا ہے یہ ابھی طے نہیں ہوا، ہمارے اتحادی دھرنے پر متفق ہیں۔