سندھ پولیس کا یونیفارم تبدیل، غازی اہلکاروں کے بچوں کو ملازمت دینے کی منظوری

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے محکمہ پولیس کے گریڈ ایک سے 6 تک کے 1286 ملازمین کوٹائم اسکیل دینے، سندھ پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے، ٹریفک پولیس اہلکاروں کو فائن کلیکشن کا 30 فیصد دینے،جبکہ پولیس اہلکاروں کو 3 وردی الاؤنس دینے کی منظوری دے دی، سندھ پولیس کے 200 غازی اہلکاروں کے بچوں کو ملازمت فراہم کرنے کے لیے سندھ شہدا ایکٹ میں ترمیم،خواجہ سراؤں کے لیے پولیس میں ملازمت کا 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے،پولیس اسٹیشنزکی اراضی سندھ پولیس کے نام ٹرانسفرکرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ پولیس کے اہم ترین اجلاس میں کیا گیا ہے جو سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کے سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی مدد سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے اب کراچی میں امن امان کی صورتحال بہت بہتر ہے کراچی کے لوگوں نے امن امان کی بری صورتحال دیکھی ہے،سندھ پولیس کو جدید سامان کے ساتھ لیس کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ حیدرآباد پولیس رینج میں مزید رینج بنانے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولیس تھانوں کو انویسٹیگیشن کی مد میں 50 ہزار کی جگہ ایک لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے۔ رواں سال پولیس کے 17 منصوبے مکمل کیے جائیں گے، تمام اضلاع میں ڈرائیونگ لائسنس دفاتر بنائے جائیں گی۔