تجارتی مراکز میں کپڑے اور کاغذ کے بیگ تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تاجروں نے تجارتی مراکز میں کپڑے اور کاغذ کے بیگ تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔ چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب کا کہنا ہے کہ شاپنگ بیگ کا استعمال ختم ہونا چاہیے ،کینسر اور دیگر بیماریوں میں اضافے کے ساتھ کراچی میں سیوریج کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، شاپنگ بیگ پر پابندی لگانے کے فیصلے پر سندھ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے ڈپٹی کمشنر کورنگی شہر یار میمن کے ہمراہ کورنگی نمبر 2 مارکیٹ میںکپڑے اور کاغذ کے شاپنگ بیگ کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ واجد مرزا،محمد عامر ، محمد بشیر،خالد غوری،محمد سراج،کامران،محمد یوسف،حاجی مظہر، اکرام انصاری اور دیگر تاجر موجود تھے ۔اس موقع پر شیخ حبیب نے پورے بازار کا دورہ کیا اور 6ہزار کپڑے کے اور 3 ہزار کاغذ کے بیگ گاہکوں اور دکانداروں میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی سی کورنگی شہر یار میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شاپنگ بیگ پر پابندی کا مقصد لوگوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔اس موقع پر کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا کہ شاپنگ بیگ پر پابندی اور اس کے نقصانات کے حوالے سے پورے کراچی کی مارکیٹوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی اور تمام مارکیٹوں میں کپڑے اور کاغذ کے بیگ تقسیم کیے جائیں گے کیونکہ شاپنگ بیگ سے ہونے والے نقصانات ہمارے معاشرے پر پڑ رہے ہیں۔