ترجیحی بنیادوں پر صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے ، ناصر حسین شاہ

151
وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نومنتخب صدر نکاٹی نسیم اختر شیلڈ پیش کررہے ہیں
وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نومنتخب صدر نکاٹی نسیم اختر شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تاجربرادری کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہے اور صنعتی پہیہ بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ کی بھی یہ ہدایت ہیں کہ صنعتوں کو فروغ دیا جائے اور پیداواری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی ) کے سالانہ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) کے صدر انجینئر دارو خان ، نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان، سبکدوش صدر سید طارق رشید،سبکدوش سینئر نائب صدراسفر حسین، سبکدوش نائب صدر فیصل شابو،سید عثمان علی، صادق محمد،فراز مرزا، نومنتخب صدر نکاٹی نسیم اختر، سینئر نائب صدر عمران معیز خان، نائب صدر فواد الہٰی شمسی کے علاوہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور ممبران نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔تقریب سے کیپٹن اے معیز خان، سید عثمان علی، فراز مرزا ودیگر نے بھی خطاب کیا۔وزیراطلاعات ومحنت سعید غنی نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کوسندھ حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہرگھڑی میں سندھ حکومت تاجروصنعتکار برادری تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت محکمہ لیبر، ای او بی آئی اور سیسی کو ضم کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے جس پر حتمی فیصلے کے بعد ان تمام محکموں کویکجا کر کے لیبر کو ایک کارڈ جاری کیا جائے گا اور پھر محنت کشوں کو بھی طبی و دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔نکاٹی کے سبکدوش صدر سید طارق رشید نے کہاکہ نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ملکی معاشی ترقی،خوشحالی اور صنعتی پیداواری سرگرمیوں کو فروٖغ دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا ایک مثالی صنعتی ایریا بننے جارہاہے ۔یہاں 90فیصد برآمدی صنعتیں واقع ہیں جو ملک کے خطیر زرمبادلہ کمارہی ہیں نیز ایس ایم ایز بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔روزگار کی فراہمی میں بھی یہ صنعتی ایریا مؤثر کردار ادا کررہاہے تاہم موجودہ حالات میں صنعتوں کو اپنی بقا قائم رکھنے ، برآمدات کو کم ہونے سے بچانے اور بے روزگاری کے ممکنہ خطرات کو دور کرنے کے لیے حکومت کوٹیکسوں میں ریلیف دینا ہوگا اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرتے ہوئے کاروبار کرنے کو آسان بنانا ہوگا۔انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سندھ کی صنعتی ترقی باالخصوص کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے قابل ستائش کام سرانجام دیے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز تو متخص کر دیے جاتے ہیں لیکن اس کی دیکھ بھال کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے طویل مدت تک انفرااسٹرکچر کو محفوظ اور کارآمد بنانا مشکل ہوجاتا ہے لہٰذا انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔