شہر کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں،شیخ ریحان

337
صدر کاٹی شیخ عمر ریحان اور ڈی سی کورنگی شہریار میمن شجر کاری مہم میں پودا لگا رہے ہیں
صدر کاٹی شیخ عمر ریحان اور ڈی سی کورنگی شہریار میمن شجر کاری مہم میں پودا لگا رہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدرسید واجد حسین، ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار میمن اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے شجرکاری جنید نقی ، ملک خدا بخش اور لائنز کلب کے عہدیداران نے کورنگی کراسنگ ملیر ندی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجر کاری میں کاٹی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، اب تک ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال بھی کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سے کچرے کی صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے قابل تحسین اقدامات کیے ہیں اور کاٹی اس سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر وزیراعظم عمران خان کے ’’گرین پاکستان‘‘ پروگرام کے بھی پیٹرن ان چیف ہیں اور انہوں نے ملک بھر میں دس کروڑ درخت لگانے کا عزم کررکھا ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کاٹی ایس ایم منیر کے وژن کے مطابق یہ ہدف حاصل کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی شہر کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومت کے شانہ بہ شانہ کام کرنے کے لیے تیا ر ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کراچی میں شجر کاری کے لیے یہاں کے ماحول سے ہم آہنگ پودے اور درخت لگانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ضلعی و شہری انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے شجر کاری کے سربراہ جنید نقی نے کورنگی صنعتی علاقے میں کامیاب شجرکاری مہم کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے پر ڈی سی کورنگی شہریار میمن کا شکریہ ادا کیا۔