اعتماد بحال کرنے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، مرزا اختیار بیگ

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملکی معیشت کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تاجروں اور حکومتی معاشی ٹیم کے ساتھ حکومتی اور نجی اداروں کے مابین اعتماد بحال کرنے سے ملکی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ ڈاکٹر بیگ نے وزیر اعظم اور اُن کی معاشی ٹیم کے ساتھ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ملاقاتوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایف پی سی سی آئی جو پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم ہے، کے نمائندوں کو بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومتی مشاورت میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ایف پی سی سی آئی لاہور میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا جس سے بزنس مینوں کا اعتماد بحال ہوگا۔ ڈاکٹر بیگ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو یقین دلایا کہ ایف پی سی سی آئی موجودہ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے اور حکومت کی معیشت کو دستاویزی بنانے کی مہم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت سے کاروباری برادری کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی جس سے معیشت بحال کرنے میں مدد ملے گی۔