اسرائیلی رکن پارلیمان نے اپنے لوگوں کو نازی قرار دے دیا

110

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے رکن پارلیمان اور ڈیموکریٹک کیمپ بلاک کے اسرائیلی رہنما یائر گولن نے اسرائیلی انتہا پسندوں کو نازیوں کے مشابہ قرار دے دیا۔ انہوں نے جمعرات کے روز ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ میں نازیوں کو یاد دلاتا ہوں کہ وہ بھی جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئے تھے۔ اسرائیلی رکن پارلیمان کا کہنا تھا کہ میں نے یہودی انتہا پسندوں کے مکروہ اقدامات اور نازیوں کے طرز عمل میں گہری مماثلت دیکھی جو عام طور پر یورپ میں اور خاص طور پر جرمنی میں 70 سال پہلے دیکھنے میں آئی تھی۔ خیال رہے کہ یائرگولن اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف کے عہدے کے امیدوار تھے، لیکن ایک اندازے کے مطابق اس وقت ان کے بیان سے ان کی تقرری روک دی گئی تھی، جب انہیں دائیں بازو کی طرف سے بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ جنرل ریٹائرڈ گولن نے کہا کہ میں نسل پرستانہ رجحان کے بارے میں بات کر رہا ہوں اور ریاستی اداروں اور جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اگر آپ تاریخ سے سبق سیکھنے سے انکار کرتے ہیں تو کہیں کہ آپ حقائق سے صرف نظر کرنے کرنا نہ شروع کردیں۔ دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے جمعرات کی شام مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمالی علاقے کوبر سے 3 فلسطینی شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے جمعرات کی شام کوبر کے مقام پر چھاپا مارا اور گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔ اس دوران قابض فوج نے 3 سگے بھائیوں قسم، نسیم اور اصیل البرغوثی کو اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ قابض فوج نے جمعرات کی صبح اسی علاقے سے ایک اور فلسطینی عباد وجدی البرغوثی کو حراست میں لیا تھا۔