وزیراعظم18ہزا ر روپے تنخواہ میں گھر چلاکردکھائیں‘مصطفی کمال

95

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں، افراط زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ وزیراعظم اور وزراء 18 ہزار روپے کی مقرر کردہ کم از کم تنخواہ میں گھر چلا کر دکھائیں۔ بے روزگاری بڑھ رہی ہے، لوگوں کے کاروبار ختم ہوتے جا رہے ہیں، چھوٹے تاجروں کے بعد اب بڑے تاجر بھی کاروبار نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ہونا چاہیے تھا لیکن جو کام آخری سال میں کرنے کے تھے وہ پہلے ہی سال شروع کر دیے، بنیادی عوامی مسائل حل کیے بغیر ٹیکسز کا بوجھ بڑھا دیا گیا اور نظام میں اصلاحات کیے بغیر زبردستی ٹیکس نیٹ بڑھانے کی کوشش کی گئی جس کے لیے بے جا نوٹس اور پکڑ دھکڑ سے پورے ملک میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تاجروں نے کاروبار کے بجائے آسان منافع کو ترجیح دیتے ہوئے اپنا پیسہ بینکوں میں رکھوا دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہت سنگین ہیں اور عوام میں شدید غم و غصہ ہے کیونکہ حکومت عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ عوام کی توقعات دن پردن ٹوٹ رہی ہیں اور انکی جگہ مایوسی لے رہی ہے۔ روپے کی قدر گرنے سے لوگوں کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے۔