کچرااٹھانا سندھ حکومت اوربلدیاتی اداروں کا کام ہے‘گورنر

112

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبائی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر سید عمران علی شاہ کو صفائی مہم کے تحت کچرااٹھانے والی تین موٹر سائیکل ٹرالی اور پانچ ٹرالی بمعہ دیگر سامان کے ساتھ حوالے کیں۔ واضح رہے کہ یہ تمام اشیاء روٹری کلب پلاٹینیم کراچی کی جانب سے صوبائی حلقہ پی ایس 129 کے علاقہ میں صفائی مہم کے لیے تحفہ کے طور پر دی گئیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے کچرااٹھانا بنیادی طورپر سندھ حکومت اوربلدیاتی اداروں کا کام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک بااختیار بلدیاتی حکومت ہی شہر کے مسائل کو بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، اس ضمن میں موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت بہر صورت واپس لی جائے گی، اس سلسلے میں نیب اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کررہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے اعلان کردہ مارچ کے بارے میں کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، حکومت کا عزم ہے کہ ملک کو کرپشن سے پاک کیا جائے ۔