انڈس اسپتال میں ریبیز فری کراچی پروجیکٹ کے حوالے سے تقریب

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈس اسپتال میں ریبیز فری کراچی پروجیکٹ کے حوالے سے تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں پروجیکٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین، گیٹز فارما کے سی ای او خالد محمود، انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان اور سماجی رہنما شہزاد رائے، شہریار منور و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریبیز فری کراچی پراجیکٹ کے لیے انڈس اسپتال اور گیٹز فارما کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد شہریوں کو اس خوف ناک بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔ آر ایف کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلان ہے کہ دو سال میں کراچی میں ابتدائی کام یابی حاصل کریں گے اور اس پروگرام کو پورے ملک میں پھیلائیں گے، پاکستان میں ہر سال کتے کے کاٹنے کے 160,000 سے زیادہ واقعات پیش آتے ہیں، گیٹز فارما کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سول سوسائٹی کے دیگر ارکان اور حکومتی ادارے بھی اس تحریک میں شامل ہوں گے۔ گیٹز فارما کے سی ای او خالد محمود نے کہا کہ خوشی ہے کہ انڈس اسپتال کے ساتھ ہم نے اس پروجیکٹ کے لیے شراکت داری کی ہے جب کتا کاٹتا ہے اور اس کے بعد ویکسین نہ دی جائے تو متاثرہ شخص ریبیز میں مبتلا ہو جاتا ہے، ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں انہیں پتا ہی نہیں ہے کہ ریبیز کیا ہے؟ تمام کتے پاگل نہیں ہوتے، ہمارا ملک ہیلتھ پر 0.8 فی صد خرچ کرتا ہے، کتوں کو مارنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا جیسے دوسرے ممالک نے اس مسئلے کو حل کیا، ہمیں بھی اسی طرح حل کرنا چاہیے، اس میں میڈیا اور شوبز شخصیات کا بھی اہم کردار ہے،۔2030ء تک ہمیں پوری دنیا سے ریبیز کا خاتمہ کرنا ہے۔ شہزاد رائے نے کہا کہ انڈس اسپتال میں غریب ترین آدمی کو وہ علاج ملتا ہے جو ایک امیر کو ملتا ہے کوئی بھی اسپتال ڈاکٹر سے بنتا ہے، ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کا اس اسپتال میں کام کرنا اعزاز کی بات ہے