کڈنی ہل پارک کوجلد عوام کے لیے کھول دیاجائے گا‘سیف الرحمن

251
متعلقہ حکام کی جانب سے کڈنی پارک کوصاف کرنے کے دعوئوںکے برعکس پارک جھاڑیوںسے ڈھکاچھپاہواہے
متعلقہ حکام کی جانب سے کڈنی پارک کوصاف کرنے کے دعوئوںکے برعکس پارک جھاڑیوںسے ڈھکاچھپاہواہے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کڈنی ہل پارک میں جغرافیائی مطالعہ اور لینڈاسکیپنگ کے کاموں کو مکمل کرنے کے بعد پودے اور درخت لگانے کے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے، آئندہ دو ہفتوں میں دس ہزار سے زائد درخت لگا دیے جائیں گے جبکہ چند ماہ میں یہاں تقریباً ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے، توقع ہے کہ پارک کو جلد ہی عوام کیلیے کھول دیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ کی ہدایت کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ڈی اے اسکیم نمبر 32 کڈنی ہِل پارک (احمد علی پارک) کو عوام کے لیے ایک خوبصورت پارک کی صورت میں مکمل تفریح گاہ بنانے کیلیے یہاں ہونے والے مختلف کاموں کو مکمل کرلیا ہے، پارک میں بے ہنگم طور پر جا بجا پھیلی ہوئی جھاڑیوں کو صاف کرکے ہموار راستے بنادیے گئے ہیں جبکہ بھاری مشینری کے استعمال کے بعد راستوں میں موجود نوک دار پتھروں او رکوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن روزانہ کی بنیاد پر کڈنی ہل پارک میں ہونے والے مختلف کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام کاموں کو اپنی نگرانی میں مکمل کرارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی چونکہ مالی طور پر مستحکم نہیں ہے اس لیے اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ کڈنی ہل پارک کو اس انداز میں بنایا جائے کہ یہاں پیسوں سے زیادہ ایک وژن کے تحت کام کیا جائے تاکہ کم وقت اور انتہائی قلیل خرچ میں 62 ایکڑ پر پھیلے ہوئے اس پارک کو اصل صورت میں بحال کرکے عوام کے لیے کھولا جائے، انہوں نے کہا کہ اس پارک میں اندرونی طور پر بھی مختلف راستے بنائے گئے ہیں تاکہ یہاں آنے والے پارک کی چھوٹی بڑی پہاڑیوں( نشیب و فراز) پر باآسانی پہنچ سکیں اور شہر کا بھر پور نظارہ کرسکیں۔