پاکستان نے طالبان اور امریکا کے رابطے بحال کرادیے

151

اسلام آباد/واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان رابطے بحال کرادیے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو طالبان کے وفد اورامریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی ہے ۔اسلام آباد میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں باضابطہ مذاکرات پر بات نہیں ہوئی البتہ فریقین نے اعتماد کی بحالی پر زور دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سینئر حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ طالبان اور زلمے خلیل زاد کی ملاقات کا اہتمام کرانے کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ملاقات کے لیے پاکستان کو فریقین کو اس امر پر قائل کرنا پڑا کہ یہ مکالمتی رابطے امن عمل کے لیے بہت اہم ہیں۔طالبان وفد اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں امریکا، پاکستان یا طالبان نے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی چینل ‘ہم نیوز’ سے جمعرات کی شب گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان وفد کی زلمے خلیل زاد سے بھی ملاقات ضرور ہوگی تاہم، انہوں نے اس کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیاتھا۔برطانوی خبررساں ادرے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد اور واشنگٹن سے جمعہ 4اکتوبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق 2 مختلف لیکن انتہائی قابل اعتماد ذرائع نے تصدیق کر دی ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے اسلام آباد میں مقیم افغان طالبان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات 3اکتوبر کو اسلام آباد ہی میں موجود امریکا کے خصوصی مذاکراتی نمائندے زلمے خلیل زاد کے ساتھ ایک ملاقات کی۔ امریکی دفتر خارجہ کے ایک نمائندے نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ زلمے خلیل زاد نے اس ہفتے اس لیے پاکستان میں کئی دن گزارے ہیں کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت کر سکیں۔ اس نمائندے نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں ایسی کسی میٹنگ کا ہونا جمود کے شکار افغان امن عمل کی بحالی نہیں ہے۔