طاقت اور اسلحے کے ذریعے ملکی وحدت قائم نہیں رہ سکتی، سراج الحق

224

لاہور(نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا،طاقت اور اسلحے کی بنا پر ملکی وحدت قائم نہیں رہ سکتی ۔اگراسلحے کے بل بوتے پر ملک قائم اور متحدرہ سکتے تو ایٹم بم رکھنے کے باوجود روس کا شیرازہ نہ بکھرتا، غریب اور پسماندہ علاقوں اور چھوٹے صوبوں میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکومتی رویے کی وجہ سے احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔غربت ،بے روزگاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان علاقوں میں اندر ہی اندر ایک لاواپک رہا ہے جو کسی وقت بھی آتش فشاں کی طرح پھٹ سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی علاقوں کے 2 روزہ دورے سے واپسی پر جاری کیے گئے بیان میں کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت غریب علاقوں کی تعمیر ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ پسماندہ علاقوں کے ترقیاتی کام ہوتے ہیں نہ حکومت کے پاس ان علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کا کوئی منصوبہ ہے ۔ملک کے دور دراز علاقوں میں اندھیروں کے ڈیرے ہیں ۔شمالی علاقے حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ۔ان علاقوں میں تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتیں ناپید ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلگت شمالی علاقوں کی شہ رگ ہے مگر اس شہر کی تعمیر و ترقی کی طر ف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے علاقے میں وفاق کے خلاف غم و غصہ اور نفرت کی فضا میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کی بنا پر ملکی یکجہتی اوروحدت قائم نہیںرہتی ۔انہوں نے کہا کہ اسی رویے کی وجہ سے ملک ایک بار پہلے بھی دولخت ہوچکا ہے لیکن حکمرانوں نے اس سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔