وزیراعظم کا معاونین کی فوج کو فارغ کرنیکا فیصلہ‘ سیکرٹریز بھی تبدیل ہوںگے

130

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) ملک بھر کے اہم اور بڑے تاجر رہنمائوں کے ایک نمائندہ وفدکی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد حکومت نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری‘ وزارت داخلہ‘ وزارت تعلیم سمیت اعلی سطح پر عہدیدار تبدیل کرنے اور اہم تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، تبدیلیوں کے اس جھکڑ میں وزیر اعظم کے معاونین کی فوج ظفر موج بھی فارغ کی جارہی ہے اور وفاقی سیکرٹریز بھی تبدیل کیے جارہے ہیں ۔تمام وفاقی محکموں میں ایک سال سے خالی آسامیاں بھی اب بہت جلد نئے تقرر کے ذریعے پر کی جائیں گی تاکہ وفاقی وزارتوں کام کی رفتار بڑھائی جاسکے اور محکموں میں کام شروع ہوسکے۔ اس کے علاوہ کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد بدل بھی اس کا حصہ ہوگا اور حکومت میں 140 آسامیاں جلد پرنے کے بعد نئے فیصلوں کو نیب پر بھی نافذ کیا جائے گا ۔ اب نیب حکومت اور اقتصادی کونسل کی مشاورت کے بغیر کاروباری حلقوں کے بارے میں کوئی قدم نہیں اٹھاسکے گا ۔حکومت کے قریبی ذرائع کے دعویٰ ہے کہ حکومت میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کے بعد ہوا ہے اور وزیر اعظم عمران خان اب سخت اقدامات کرنے جارہے ہیں تاکہ حکومت کے فیصلوں پر ان فیصلوں کی روح کے مطابق عمل کیا جائے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بیوروکریسی کے ساتھ بھی اپنی حکومت اور وزراء کے تعلقات کے بارے میں ایک اہم تبدیلی دیکھنے کے متمنی ہیں تاکہ فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز ہوسکے حکومت کے فیصلوں پر تحفظات کی وجہ سے اب تک بہت سے شعبوں میں کام نہیں ہوا جس کی وجہ وزیر اعظم آفس میں معاونین کی فوج ہے اور اب معاونین کی یہ فوج ظفر موج فارغ کی جارہی ہے۔