فیصل واوڈا کے خلاف شہباز شریف کی درخواست مسترد

187

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے سے متعلق صدر ن لیگ شہباز شریف کی درخواست مسترد کر دی۔ مذکورہ درخواست جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل سنگل بینچ نے مسترد کی۔ فیصل واوڈا شہباز شریف کے مقابلے میں این اے 249 سے منتخب ہوئے تھے۔ فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق استدعا کی تھی۔ دائر درخواست میں شہباز شریف نے موقف اختیار کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے 35349 ووٹ حاصل کیے جبکہ شہباز شریف نے 34626 ووٹ حاصل کیے ۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیے گئے۔ بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر سادہ کاغذ پر نتائج ہاتھ میں تھما دیے گئے۔ کئی فارم 45 پر پریزائڈنگ افسر کے دستخط بھی موجود نہیں تھے۔ الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کی کامیابی کا حتمی نتیجہ روکا جائے، این اے 249 کے تمام پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا جائے۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج ایک بار پھر حق و سچ کی فتح ہوئی ہے۔ شہباز شریف نے شکست کے بعد دھاندلی کا رونا رویا اور عدالت کا رخ کیا۔ شہباز شریف کی شخصیت ہی جعلی ہے، ان کی پوری قیادت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مولاناصاحب اسلام آباد میں طویل عرصے تک بیٹھنے آرہے ہیں۔ مولانا کا وزن کم کرنے کے لیے مشینیں لگائی ہیں، اڈیالہ جیل میں بھی مولانا کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں۔ عدالت نے ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔اپیلوں کا تحریری فیصلہ 18 صفحات پر مشتمل ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ملک شہزاد اعوان کے خلاف بھی درخواست مسترد کردی گئی۔مذکورہ افراد کے خلاف اپیل ن لیگ نے دائر کی تھی۔ تحریری فیصلے کے مطابق پی ایس 128 کے کامیاب امیدوار عباس جعفری کے خلاف دائر درخواست کو بھی مستردکردیا گیا۔ عباس جعفری کی کامیابی کو پی ٹی آئی امیدوار نصرت انور نے چیلنج کیا تھا۔