بھارت نے اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا اعتراف کرلیا

302

نئی دلی: بھارتی ایئر چیف نے کہا ہے کہ 27 فروری کو بھارتی فضائیہ نے سرینگر میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل مار کرتباہ کردیا تھا جو کہ ہماری’بڑی غلطی ‘تھی۔

اس بات کا اعتراف انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ راکیش کمار سنگھ نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میزائل سے گرانےکی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے۔تاہم غلطی کرنے والے دونوں افسروں کے خلاف کارروائی جلدعمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیارے مار گرا دیے، پائلٹ گرفتار

انہوں نے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسی غلطی نہ ہواس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدام کریں گے۔

27 فروری کو کیا ہوا تھا؟

بھارت نے 27 فروری کو پاک فضائیہ سے جھڑپ کے دوران گھبراہٹ میں میزائل داغ کراپنا ہیلی کاپٹر خود ہی مارگرایا تھا۔

27 فروری کو پاکستان سے جھڑپ والے دن سری نگر کے قریب بڈگام میں بھارتی ائرفورس کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گرا تھا جس میں 6 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

پہلے تو بھارتی ائر فورس نے اس ہیلی کاپٹر کو تکنیکی حادثہ قرار دیا تھا۔ تاہم بعد میں بھارتی حکام کی تحقیقاتی رپورٹ میں پتا چلا تھا کہ اس ہیلی کاپٹر کے گرنے سے تھوڑی دیر قبل بھارتی فضائی دفاعی نظام سے میزائل داغا گیا تھا اور وہی میزائل ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر کی تباہی کی وجہ بنا تھا۔