وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کی ملاقات کی تردید آگئی

379

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان  نے افغان طالبان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تردید کردی۔

اپنے ٹوئٹربیان میں فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ طالبان پولیٹیکل کمیشن کے وفد کے ساتھ گزشتہ روز دفتر خارجہ میں مذاکرات کا انعقاد مفاہمتی عمل کے لیے نیک شگون ہے۔یہ عمل اس امر کا ثبوت ہے کہ  پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے مثبت ماحول پیدا کرنے میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  گزشتہ روز طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی، امید ہے کہ اس سے عنقریب مثبت نتائج حاصل ہوں گےتاہم وزیراعظم سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔اس ضمن میں نشر اور شائع ہونے والی خبروں میں صداقت نہیں۔

واضح رہے کہ متعدد ٹی وی چینلز نے وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کی ملاقات کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیا تھا اور رات گئے تھے مختلف خبرناموں میں اس  ملاقات کی خبریں نشر کی جاتی رہیں۔