کرتار پور راہدری افتتاح من موہن سنگھ نے پاکستانی دعوت قبول کرلی

97

 

نئی دہلی (آن لائن) بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق پاکستان نے بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو کرتارپور راہدای کے افتتاحی تقریب کے لیے مدعو کیا تھا اور اس کے لیے انہیں باقاعدہ تحریری دعوت نامہ بھی بھیجا گیا تھا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم من موہن سنگھ نے پاکستان کا دعوت نامہ قبول کرلیا ہے اور وہ کرتارپور راہدای کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امرندر سنگھ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ
ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھاکہ پاکستان نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں ہندوستان کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کو مدعو کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ یہ من موہن سنگھ کا دھرم بھی ہے وہ سکھ کمیونٹی کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔
من موہن دعوت