عمران سرکار اپنے ہی سرپرستوں کے لیے درد سر بن گئی، لیاقت بلوچ

98

 

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار اپنی نااہلی اور ناکامی سے اپنے حمایتیوںاور سرپرستوں کے لیے درد سر بن گئی ہے۔ حکمران جماعت میں ارکان کی زبان بندی ، قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کے بجائے آرڈی نینس اور الیکشن ٹریبونل اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو قبول نہ کرنا آمریت اور غیر جمہوری رویہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حفیظ سینٹر میں تاجروں کے اعزاز میں بشارت بلوچ کی طرف سے دیے گئے عشایے کے موقع پر خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 2 ماہ سے مودی کا مسلط کردہ کرفیو لاک ڈائون مسلط ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوگیا ، وزیراعظم عمران خان کی اچھی تقریر تو ہوگئی لیکن عالمی سفارتی محاذ
پر کوئی بریک تھرو نہیں ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم یکجہتی کشمیر کے لیے یک جان اور پر عزم ہے ۔ 6 اکتوبر کو زندہ دلان لاہور مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں جماعت اسلامی کے کشمیر بچائو مارچ کے لیے نکلیں ۔ قومی کشمیر پالیسی ،قومی قیادت کا اتفاق رائے اور حکومت کا ذمے دارانہ اسلوب حکمرانی پاکستان کی بقا کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی ، ادویات اور بنیادی ضروریات کی اشیا کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت اور حکومتی معاشی ناکامیوں کا کھلا ثبوت ہے ۔ تاجر ، صنعت کار ، صارفین بیک وقت پریشان ہیں ۔ غیرملکی قرضے ، سود اور کرپشن کی لعنت عوام کے لیے جان لیوا ہیں۔
لیاقت بلوچ