حکمران بوکھلا گئے،دھمکیاں مل رہی ہیں،مولانا راشد سومرو

118

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے کہاہے کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،سوشل میڈیا پر جے یو آئی کے سرگرم ہمدردوں کو مرعوب کرنے کے لیے حکومتی مشینری سرگرم ہوچکی ہے۔ انہیں ٹیلیفون کالز کرکے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ آزادی اظہار ہمارا آئینی وقانونی حق ہے اس پر قدغن لگی تو روند کر آگے بڑھیں گے ،حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔ اسلام آباد آزادی مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے آرٹ کونسل حیدرآباد میں جے یو آئی سندھ سوشل میڈیا ٹیم کے کنونشن سے خطاب کے موقع پر کیا
۔کنونشن سے مولانا تاج محمد ناہیوں‘ عبدالرزاق عابد لاکھو۔ محمد سمیع سواتی‘ اعظم جہانگیری‘ ایڈوکیٹ غلام سرور بلدی‘ مولانا فتح محمد ‘ خالد حسن دھامراہ‘ طارق میمن‘ حسین احمد آصفی ‘ مفتی شفیق مہر ودیگر نے خطاب کیا۔ راشد محمود سومرو نے واضح کیا کہ ضلع تھرپارکر میں قادیانی ودیگر اسلام دشمن این جی اوز کو سینکڑوں اراضی الاٹ کی گئی ہے ۔وہاں کے سرکاری اسکول ان کے حوالے ہورہے ہیں ۔قادیانیوں اور لادین عناصر کو مسلسل نواز اجارہاہے جو وطن عزیز کی اسلامی شناخت پر کاری ضرب ہے انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ذرائع ابلاغ کے ہتھیار سے لیس ہوکر سوشل میڈیا پر جدوجہد تیز کریں کوئی مائی کا لعل ہمارا راستہ نہیں روک سکتا ۔ حیدرآباد سوشل میڈیا کنونشن میں سندھ کے تین ڈویژن حیدرآباد‘ میر پور خاص اورنواب شاہ ڈویژن کے نو اضلاع سے سینکڑوں سوشل میڈیا ممبرز نے شرکت کی ۔ تمام ممبرن کو جے یو آئی سندھ کی جانب سے سوشل ممبر شپ کارڈ بھی جاری کیے گئے ۔
راشد سومرو