بھارت تحریک آزادی کشمیر سے خوفزدہ ہے‘ دردانہ صدیقی

112

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور اس کے سرپرست مظلوم کشمیریوں کی زبردست تحریک آزادی سے خوفزدہ ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے مظلوم مسلمان آزادی کے سورج کو اپنی آنکھوں سے ابھرتا دیکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ایک ایک لمحہ قیامت کا گزر رہا ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 80لاکھ مسلمانوں کے لیے اجتماعی قبر بنا دیا ہے۔ ہزاروں نوجوانوں کو
عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بناکر شہید اور زندگی بھر کے لیے معذور بنایا جارہا ہے۔ سیکڑوں بچیوں اور خواتین کو اغوا کرکے ان کی عزتوں کو پامال کیا جارہا ہے، لوگوں کو نماز جمعہ پڑھنے کے لیے مساجد میں جانے کی اجازت نہیں مگر عالم اسلام کے بے حس حکمران اور عالمی برادری ان مظلوموں کی چیخ و پکار پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ بھارت اگر کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو اس میں اصل قصور ان عالمی اداروں اور طاقتوں کا ہے جو مسلمانوں کے ساتھ دہرا معیار اور معاندانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ اس وقت اسلامیان پاکستان کا دینی فریضہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اہل ایمان کی مدد کے لیے متحد ہوں اور بھارت کی مودی سرکار کے مکروہ اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں اسی جذبے کے پیش نظر جماعت اسلامی کی جانب سے 6 اکتوبر کو لاہور میں عظیم الشان کشمیربچائو مارچ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ لاہور کی خواتین سے میری اپیل ہے کہ وہ اس مارچ میں بھرپور شرکت کرکے دنیا بھر کو پیغام دیں کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے جس کو پاکستان سے الگ نہیں کیا جاسکتا پاکستانی عوام کل بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے اور آزادی کا سورج ابھرنے تک ان کے ساتھ ر ہیں گے۔
دردانہ صدیقی