سری لنکا ٹیم کی آمد اور انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، حافظ نعیم

116

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کے کامیاب انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے ملک کے اندر کامیاب انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کا آغاز ہو گیا ہے ۔ ابھی سری لنکا کی ٹیم پاکستان آئی ہے آئندہ دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی یقینا پاکستان آئیں گی اور یہ سلسلہ جاری
رہے گا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مند مثبت سرگرمیوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی ہونی چاہیے اور انہیں فروغ ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد سے واضح ہو گیا ہے ملک کے اندر ماضی کی نسبت امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کے انعقاد سے عالمی سطح پر بھی ہمارا امیج بہتر ہوا ہے ۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ایسے اقدامات اور انتظامات کیے گئے جس کی وجہ سے ان میچز کا انعقاد یقینی ہوا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس موقع پر ہم سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے آفیشلز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجا ۔حافظ نعیم الرحمن نے ون ڈے سیریز کی کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور اس امید اورتوقع کا اظہار کیا کہ قومی کرکٹ ٹیم لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز میں بھی اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی ۔ واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بدھ کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آخری ون ڈے میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم بھی گئے اور انہوں نے وہاں میڈیا باکس کا بھی دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کی ۔ میڈیا باکس آمد پر صحافیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
حافظ ںعیم