نواز شریف کو بلاجواز قید میں رکھنا جمہوریت کی توہین ہے، عارف سہروردی

101

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) مرکزی کونسل کے رکن پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے ترجمان جمال عارف سہروردی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ جج کی وڈیو لیک ہونے کے بعد نواز شریف کو بلاجواز قید میں رکھنا جمہوریت کی توہین ہے حکومت نے نواز شریف کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز، اسماعیل مفتاح سمیت کارکنوں غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر خود نمائی کے علاوہ کچھ نہیں کیونکہ کشمیر کو عمران خان بھارت کے حوالے کرچکے ہیں۔ جنرل اسمبلی میں عمران خان نے فلسطین کا ذکر نہ کرکے اسرائیل کو تقویت پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بے روزگاری، مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، عمران خان نے ملک کے اندرونی مسائل جنرل اسمبلی میں پیش کرکے ملک کی ساکھ کو خراب کیا ہے۔ عالمی دہشت گرد مودی نے آرٹیکل 370 کو بھارتی آئین سے نکال کر کشمیر پر مکمل قبضہ کرلیا ہے جہاں چند سال کے اندر مقامی آبادی غیر کشمیریوں سے بھر جائے گی اور کشمیری اقلیت میں ہوجائیں گے۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم پاکستان میں ہونے والی بڑے پیمانے پر مہنگائی کا ذمے دار ہے، جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور محنت کش طبقہ دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔