ایم کیو ایم دہشت گرد اور ملک دشمن تنظیم ہے، سجاد احمد چانڈیو

48

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ سجاد احمد چانڈیو نے کہاکہ ایم کیو ایم اپنے قیام کے اول روز سے ہی ایک نسل پرست، فاشسٹ، دہشت گرد اور ملک دشمن تنظیم ہے جس نے ہر دور میں پاکستان سمیت سندھ کو توڑنے کی سازش کی۔ ایم کیو ایم کے مشہور ومعروف قاتل ہزاروں معصوم بے گناہ انسانوں کا قتل کرنے سمیت فیکٹریاں، دکانیں، مارکیٹیں جلانے میں ملوث رہے ہیں جس کی تازہ مثال بلدیہ فیکٹری کی ہے، جس میں ڈھائی سو افراد کو زندہ جلایا گیا۔ 2 مئی، 18 اکتوبر، 9 اپریل، یوم عاشور، 22 مئی، نشتر پارک، عباس ٹاؤن سمیت لاتعداد دہشت گردی کے واقعات میں ان کیخلاف مقدمات درج ہیں لیکن پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن سمیت ہر حکومتی پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قیام میں سے مدد لی اور بدلے میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے مقدمات سمیت کرپشن کے مقدمات میں رعایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان اصل میں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ آج بھی ایک جانب امریکا میں ایم کیو ایم پاکستان کیخلاف مظاہرے کررہی ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم کا دوسرا دھڑا پاکستان توڑنے کے لیے سندھ کیخلاف سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک سندھ کی حفاظت کے لیے 11 اکتوبر سے سندھ بچاؤ مارچ شروع کررہی ہے، جس کا آغاز 11 اکتوبر صبح نو بجے جنگ شاہی سے کیا جائے گا، جس میں سندھ کے ہر باشعور فرد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔