سافٹ ویئر کی برآمدات میں 2.4 فیصد اضافہ

148

کرا چی (اسٹا ف رپورٹر) سافٹ ویئر کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کا حجم 1.09 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ مالی سال 2017-18ء کے دوران یہ 1.06 ارب ڈالر تھا۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں کام کرنے والی پانچ ہزار سے زائد آئی ٹی کمپنیاں دنیا بھر کے 100سے زیادہ مختلف ممالک کو خدمات فراہم کررہی ہیں۔ پاکستان میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایپلی کیشنز تیار کرنے والے فری لانسرز کی بڑی تعداد ہر سال کاروبار میں شریک ہو رہی ہے اور تقریباً ایک سال کے دوران فری لانسرز کی تعداد میں10 ہزار کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی سی ٹی کا مجموعی سالانہ ریونیو 4.1 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سال کے دوران شعبہ میں 3 فیصد سے زائد کی شرح نمو متوقع ہے۔