کشمیریوں کے حق خودارادیت پر سمجھوتا نہیں ہوگا، کور کمانڈر کانفرنس

150

 

راولپنڈی(صباح نیوز) پاک فوج کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پاک فوج کے ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو) میں کورکمانڈرز منعقد ہوئی جس میں جیو اسٹرٹیجک، قومی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، کانفرنس میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی غیرملکی سازشوں سے نمٹنے کی کوششوں کی تعریف بھی کی گئی ہے جب کہ اقوام متحدہ میں تنازع کشمیر موثر طور پر اجاگر کرنے کو تسلیم کیا۔کورکمانڈر زکانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گااوربھارتی کمانڈرزکی جانب سے غیر ذمے درانہ بیانات کا بھی جارحانہ جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر جنرل باجوہ کا کہنا
تھا کہ پاک فوج مادروطن کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے اور ملک کی عزت، وقار اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بہادر کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
کور کمانڈر کانفرنس