حیدرآباد،آندھی وطوفان، گرج چمک کے ساتھ بارش نظام زندگی مفلوج

454
حیدرآبادمیںفراہمی آب کے ناقص نظام کے باعث بارش کا پانی سڑک پر جمع ہے
حیدرآبادمیںفراہمی آب کے ناقص نظام کے باعث بارش کا پانی سڑک پر جمع ہے

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) شہرمیں آندھی وطوفان، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے نظام زندگی مفلوج،کئی علاقوںمیں بجلی غائب‘نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ حیدرآباد میں دن بھر گرمی کے بعد سہ پہر چار کے بجے تیز آندھی گرد وغبار کے بعد موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث شہری زندگی مفلوج ہوگئی اور تیز ہواؤں کے بعد بار ش سے کئی علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ
گئے جبکہ شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔بارش کے بعد موسم خوش گوار توہوگیا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا شہر کے کئی علاقے جن میں لیاقت کالونی سخی پیر روڈ سمیت دیگر اطراف کی گلیاں پانی کے تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ،پریٹ آباد‘ پھلیلی‘ سرکاری کالونیوں‘ ریلوے کالونی‘ حالی روڈ‘ لطیف آباد کے یونٹ نمبر5.4,11,سمیت قاسم آباد کے کچھ علاقے جہاں پہلے سے سیوریج کا پانی جمع تھا وہاں مزید پانی کھڑا ہوگیا ۔جی او آر کالونی میں ریلوے پل کے نیچے 4فٹ تک پانی کھڑ ا ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کا سارا دبائو فلائی اوور یونٹ نمبر پونے 7 پر ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا۔بازاروں میں پانی جمع ہونے کے باعث بازار وقت سے قبل ہی بند ہوگئے ،شہر میں بجلی نہ ہونے کے باعث کئی مقامات پر نکاسی آب کی مشینین بھی بند ہوگئیں اور میئر حیدرآباد طیب حسین کے رہائشی علاقے یونٹ نمبر7 مزار والی گلی میں بھی پانی جمع ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے جبکہ ضلعی اداروں کی جانب سے بارش کے حوالے سے کوئی تیاری نہیں کی گئی ہے اگر بارش زیاد ہ ہوگئی تو ایک مرتبہ پھر شہر کے ڈوبنے کا خدشہ ہے ۔لیاقت کالونی کے مکین جو کہ کافی عرصے سے سخی پیر روڈ پر پانی اور گندگی کے خلاف احتجاج کررہے تھے انہوںنے پورا علاقہ ڈوبنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ یوسی چیئرمین51 نے علاقے کو نظر انداز کیا اور آج پورا علاقہ کئی فٹ پانی میںگھرا ہوا ہے ۔
بارش، آندھی