نیب کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات دور کرینگے، وزیر اعظم

92

 

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کیلیے لائحہ عمل بنالیا۔ کا روباری برادری حکو مت کی مضبوط پا رٹنر شپ معیشت ملکی ترقی کیلیے اہم ہے۔ بز نس کمیو نٹی کی کا میا بی ملک کی کامیا بی ہے ۔ جمعرات کے روز وزیرِ اعظم عمران خان سے ملک کے مختلف ایوان صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد نے وزیرِ اعظم کی تاجر برادری سے مسلسل ملاقاتوں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کو سراہتے
ہوئے انہیں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ تاجروں نے معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے خصوصا برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم کو مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس مو قع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے، اس سلسلے میں کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ نیب اور کاروباری برادری سے متعلق معاملات کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہو ںنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروباری سرگرمیاں انجام دے سکیں۔ حکومت اس ضمن میں ہر ممکن مدد کرے گی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب کی راہ روڑے اٹکانے والوں کو مایوسی ہوگی،کسی کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کریں گے۔احتساب کا عمل جاری رہے گا ، کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا،معاشی حالات کی بہتری کیلیے درست سمت کا تعین ہوچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خا ن سے قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی ،ملاقات میں موجودہ صورتحال اور قانون معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں احتساب کے جاری عمل اور احتسابی اصلاحاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کی راہ روڑے اٹکانے والوں کو مایوسی ہوگی، احتساب کا عمل جاری رہے گا ، کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔کسی کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن پر اظہار تشویش کیا انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کیلیے سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔
عمران خان