پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی آنا چاہیے، تھریمانے

150

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان نے کہا ہے کہ ہدف اچھا تھا لیکن ہم ابتدائی اوورز میں وکٹیں نہ لے سکے۔ تھریمانے کا کہنا تھا پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔پاکستان کے خلاف شان دار 133 رنز کی اننگز کھیلنے والے سری لنکن اوپنر دانشکا گناتھلا نے کہا کہ 5ماہ سے انجری کا شکار تھا، آج موقع ملا اور پرفارم کیا۔دانشکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آئے اور ٹیم میں شامل ہو گئے تو سوچا کارکردگی منوانے کا اچھا موقع ہے، سری لنکن ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔انھوں نے کہا سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، ٹیم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ہے، سمجھتا ہوں اچھا کھیل پیش کیا، عابد علی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر نا خوش نہیں۔دانشکا نے کہا میری سنچری سے میرا مستقبل بہتر ہوگا، بابر کی اننگز اچھی تھی، پاکستان کی سیکورٹی بہترین تھی، ہم یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔