لاہور میں 6اکتوبر کو کشمیر بچائو مارچ تاریخی ہوگا، قیصر شریف

546
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف منصورہ میں میڈیا کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف منصورہ میں میڈیا کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے مرکزی و صوبائی میڈیا سیل اور سوشل میڈیا کے ذمے داروں کے اجلاس میں 6اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے کشمیر بچائو مارچ کی بھر پور میڈیا کوریج کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قیصر شریف نے کہاکہ لاہور کا کشمیر بچائو مارچ تاریخ کا کامیاب ترین مارچ ہوگا جس میں لاکھوں کی تعداد میں زندہ دلان لاہور شرکت کریں گے اور کشمیری عوام کو یکجہتی کا پیغام دیں گے ۔ کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی وسطی پنجاب فاروق چوہان ، ناظم سوشل میڈیا جماعت اسلامی شمس الدین امجد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، فرخان شوکت ، راجا محمد اکرم و دیگر نے شرکت کی ۔ قیصر شریف نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ۔ کشمیری پاکستا ن کی تکمیل، سا لمیت اور تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر رہے ہیں ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ 6 اکتوبر کا کشمیر بچائو مارچ لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا جس میں ہر شعبہ زندگی کے لوگ شرکت کریں گے ۔ کشمیر بچائو مارچ میں خواتین بھی بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گی ۔آج کشمیر مارچ کے حوالے سے مسجد شہدا کے سامنے استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔