میاں محمد اسلم نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کیخلاف پٹیشن دائر کر دی

644
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پریس کانفرنس کررہے ہیں
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن ، سی ڈی اے اور ریونیو ڈائریکٹریٹ کی جانب سے وفاقی دارالحکو مت میں غیر قانونی طور پر پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضا فہ کر نے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے ۔ میاں محمد اسلم اپنے وکیل ذوالفقار عباسی کے ساتھ عدالت میں پیش ہو ئے ۔ پٹیشن کی سماعت اگلے ہفتے سے شرو ع ہو گی ۔بعد ازاں میاں اسلم نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہاکہ متعلقہ اداروں نے لوگوں کے گھروں اور کاروباری املاک پر ٹیکس میں 200فیصد اضافہ کر کے عوام پر معاشی ڈرون حملہ کر دیا ہے ۔اسلام آباد کے شہری پہلے ہی مختلف قسم کے ٹیکس ادا کر رہے ہیں جبکہ اس کے نتیجے میں شہریوں کو کسی بھی قسم کی بنیادی سہولیات حا صل نہیں ۔ پراپرٹی اور کچرا ٹیکس لگا کر شہر یوں کی جیبیں کاٹی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا اسلام آباد میں جگہ جگہ کچرے اورگندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیںسی ڈی اے ، ایم سی آئی اور ان کے ملازمین اپنا کام کر نے کے بجائے گھر بیٹھے ہو ئے ہیں اور شہریوں سے پراپرٹی ٹیکس اور کچرا ٹیکس وصول کر نے کی تیاریاں ہورہی ہیں جنہیں جماعت اسلامی کسی صورت مسلط نہیں ہو نے دے گی۔انہوں نے کہاکہ اس فیصلے کے خلاف عدالت میں قانونی اور سڑکوں پر عوامی جنگ لڑی جائے گی اور میئر و چیئر مین سی ڈے اے کے دفاتر کا گھیرائو بھی کیا جا ئے گا۔ میاں محمد اسلم نے کہاکہ حکو مت ، ایم سی آئی ، چیئر مین سی ڈی اے اور ارکان اسمبلی عوامی نوعیت کے اس مسئلے کو تر جیحی بنیاد پر حل کر یں اور پراپرٹی ٹیکس میںاضافے کا ناروا فیصلہ فوری واپس لیا جا ئے ۔