قومی ادارہ برائے امراض قلب میں 13 ویں چیسٹ پین یونٹ کا آغاز

554
کراچی: ترجمان سندھ حکومت ومشیر قانون مرتضیٰ وہاب (این آئی سی وی ڈی) کے تحت چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کررہے ہیں
کراچی: ترجمان سندھ حکومت ومشیر قانون مرتضیٰ وہاب (این آئی سی وی ڈی) کے تحت چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم پر تنقیدکرنے والے جان لیں کہ ادارہ امراض قلب، چیسٹ پین یونٹ اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سیٹلائیٹ یونٹ اٹھارہویں ترمیم ہی کے مرہون منت ہیں، کوئی چھاپے مارے یا گرفتاریاں کرے ہم کام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، احتساب کے خلاف نہیں مگر احتساب بلا تفریق ہو، کام اگر کہیں ہو رہا ہے تو وہ سندھ صوبہ ہے، آئندہ ہفتے سے کراچی میں سڑکوں کی دھلائی شروع ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گذری فلائی اوور کے نیچے قومی ادارہ امراض قلب (این آیی سی وی ڈی) کے تحت چیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم پر تنقید کی جاتی ہے، یہ چیسٹ پین یونٹ اٹھارہویں آئینی ترمیم کا نتیجہ ہے، پیپلزپارٹی فیڈریشن اور 22 کروڑ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، یہاں کے لوگ کسی کو بھی ووٹ دیں کام صرف پیپلز پارٹی نے کیا ہے، یہ چیسٹ پین یونٹ شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، لیاری میں چیسٹ پین یونٹ کو سیٹیلائٹ سینٹر میں تبدیل کر رہے ہیں، چیئرمین بلاول زرداری خود اس کا اعلان اور افتتاح کریں گے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم مفت اور معیاری طبی سہولت فراہم کر رہے ہیں، یہ سندھ حکومت کا تحفہ ہے، بلاول زرداری اپنے عوام کے ساتھ کمیٹڈ ہیں، ہم نے اپنا ایک اور وعدہ آج پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذری میں قائم کے ایم سی کے میٹرنٹی اسپتال کو بھی سندھ حکومت جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی صفائی مہم جاری ہے، کوئی نالوں میں کچرا اور بوریاں ڈالتا ہے تو اس کے خلاف قانون تو حرکت میں آئے گا، عوام کچرا کچرا کنڈیوں میں ڈالیں، اگلے ہفتے سے سڑکوں کی دھلائی شروع ہوجائے گی۔ اس موقع این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے کہا کہ پورے کراچی میں مزید چیسٹ پین یونٹ کھولیں گے، کراچی کے شہریوں کو خوش خبری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ فیڈرل بی ایریا میں کے ایم سی کے تحت چلنے والے ہارٹ ڈیزیز اسپتال کو سندھ حکومت چلائے جس پرمیئر کے ایم سی نے بھی رضامندی ظاہر کر دی ہے، کوشش ہے کہ یہ اسپتال ادارہ امراض قلب کے تحت چلایا جائے تاکہ شہریوں کو صحت کی زیادہ سے زیادہ اور بہتر سہولتیں میسر ہوں۔