بھارت خصوصی تجارتی مرماات کا حقدار نہین،امریکی وزیر

161

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر تجارت ولبر روس کا کہنا ہے کہ امریکا کی نظر میں بھارت واشنگٹن کی طرف سے خصوصی تجارتی مراعات کا حقدار ملک نہیں ہے، تاہم نئی دہلی کے ساتھ ایک نئے محدود تجارتی معاہدے کی شرائط سے متعلق مذاکرات پر تیار ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر تجارت نے انٹرویو میں کہا کہ امریکا نے بھارت کو دی گئی خصوصی تجارتی حیثیت اسی سال ختم کر دی تھی، اس لیے کہ واشنگٹن کی رائے میں نئی دہلی اس خصوصی تجارتی حیثیت کا حقدار ملک نہیں رہا تھا۔ ساتھ ہی ولبر روس نے اس انٹرویو میں کہا کہ امریکا بھارت کے ساتھ تجارتی شعبے میں کسی نئے معاہدے کی شرائط کے لیے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی وزیر تجارت ولبر روس نے رائٹرز کو بتایا کہ اگر ہم جی ایس پی سے متعلق امریکی بھارتی اختلافات ختم کرنے میں کامیاب ہو گئے، تو یہ آگے کی طرف بہت بڑا قدم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دو طرفہ اختلافات کی یہ خلیج پُر کی جا سکے گی اور ہم بھارت کے ساتھ ایک زیادہ بہتر تجارتی معاہدہ طے کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ ولبر روس کی ان کے بھارتی ہم منصب پیؤش گویال کے ساتھ جمعرات کے روز ایک ملاقات بھی ہوئی۔ امریکا اور بھارت کے مابین یہ تجارتی تنازعات گزشتہ کئی ماہ سے پائے جاتے ہیں اور واشنگٹن کو بڑی بڑی امریکی کمپنیوں کی بھارت میں کاروباری سرگرمیوں سے متعلق نئی دہلی حکومت کی طرف سے عائد کردہ براہ راست یا بالواسطہ پابندیوں پر شدید قسم کے تحفظات بھی ہیں۔اس حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ واشنگٹن نے اسی سال بھارت کو حاصل جو خصوصی تجارتی حیثیت ختم کر دی تھی۔ اس کی وجہ یہ بنی تھی کہ بھارتی حکومت امریکی مصنوعات کو بھارتی منڈی میں اتنی وسیع رسائی نہیں دے رہی تھی، جتنی امریکا نے بھارتی مصنوعات کو اپنی داخلی منڈی میں دے رکھی تھی۔