یورپی مصنوعات پر اضافی محصولات کا امریکی اعلان

125

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے یورپی طیارہ ساز ادارے ائر بس کی مالی اعانت کے تنازع میں یورپی یونین کی اپنے ہاں درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے طیاروںکی درآمد اب تقریباً 10 فیصد مہنگی ہو جائے گی۔ ساتھ ہی زرعی اور صنعتی مصنوعات پر بھی 25فیصد کے لگ بھگ اضافی ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔ عالمی ادارہ تجارت نے حال ہی میں فیصلہ سنایا تھا کہ امریکا یورپی یونین سے درآمد کردہ اشیا پر اپنے ہاں 7.5 ارب ڈالر سالانہ تک کے اضافی لیکن تادیبی محصولات عائد کر سکتا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جولائی میں چین اور ایران پر اقتصادی پابندیوں کے بعد یورپی یونین کی درآمدی اشیا پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔ جی 20 سمٹ کے دوران چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ کے خاتمے کے فضا ہموار ہوئی تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کی درآمدی اشیا پر 4 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دے ڈالی تھی۔ امریکی صدر کے ممکنہ فیصلے سے باخبر یورپی یونین نے امریکا کو پیشگی خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے ٹیکس عائد کرنے کی کوشش کی گئی تو یورپی یونین کے ممالک بھی جوابی کارروائی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔