امریکا ، غیر قانونی تارکین وطن کے ڈی این اے کا فیصلہ

121

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی حکومت نے غیر قانونی طور ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کے ڈی این اے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی ایک منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کے تحت ہر اس سرحد پار کرنے والے فرد کا ڈی این اے لیا جائے گا، جس کے حوالے سے دستاویزات دستیاب نہیں ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے ڈی این اے کا پروفائل جرائم سے متعلق قومی ڈیٹا بیس کا حصہ بنایا جائے گا۔ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کے حکام کے مطابق نئی پالیسی سے امریکا ہجرت کر کے آنے والے افراد اور سرحدی نگرانی سے متعلق ایک وسیع خاکہ سامنے آئے گا، جس سے ہجرت اور زیر حراست افراد سے متعلق صورت حال بھی واضح ہو گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ڈی این اے کی معلومات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈیٹا بیس میں محفوظ ہوں گی، جس سے دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی استفادہ کر سکیں گے۔ حکام نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد کو شناخت کرنے میں مزید بہتری آئے گی، جب کہ دیگر اداروں کی بھی معاونت ہو گی کہ وہ لوگوں کی شناخت بہتر انداز سے کر سکیں۔