یورپی یونین بریگزٹ معاہدہ تسلیم کرے‘ برطانوی وزیراعظم

302

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یورپی یونین سے بریگزٹ معاہدے کو تسلیم کر لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے جانسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے اس معاملے میں انتہائی لچک دار رویے کا مظاہرہ کیا ہے اور اب یورپی یونین کی جانب سے مراعات دینے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنا موقف دو ٹوک انداز میں دہراتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو برطانیہ کے پاس 31 اکتوبر کو بغیر کسی باقاعدہ معاہدے کے یورپی یونین سے نکل جانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔ بورس جانسن نے آئرلینڈ سرحد کو کھولے رکھنے سے متعلق اپنا ہی بریگزٹ منصوبہ پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ متبادل راستہ صرف یہی ہے کہ معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے31 اکتوبر تک علاحدہ ہوجائیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلاڈ ینکر کو ایک مراسلے میں کہا ہے کہ لندن کی جانب سے پیش کی گئی تجویز ایک معقول سمجھوتا تھا۔ واضح رہے کہ بورس جانسن نے بریگزٹ معاہدے کی میعاد سے تقریباً 29 روز قبل اپنی حتمی تجویز پیش کی تھی۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یورپی یونین کا منصوبہ ایسا راستہ تھا جس کی کوئی منزل نہیں تھی۔