بلدیہ وسطی نعمت اللہ خان کے دور میں بنائے گئے پارکس کچرا کنڈی بنادیئے گئے

173

؎کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ضلع وسطی محکمہ پارکس کے افسران کی عدم دلچسپی نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں کروڑوں روپے سے بنائے گئے پارکس کو تبا کردیا ہے۔ ضلع کے بیشتر پارک کچرا کنڈی اور جانوروں کی چراگاہوں میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔ پارکس اجڑ جانے سے مکین سستی اور صحت مند تفریح سے محروم ہوگئے ہیں۔ نارتھ ناظم آباد بلاک (J) کا خوبصورت پارک انتظامیہ کی جانب سے کچرا کنڈی بنا نے پر علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، پارک کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی محکمہ پارکس کے نااہل افسران و ملازمین کی عدم دلچسپی کے باعث ضلع میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے والے بیشتر پارک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں جبکہ مذکورہ پارکس کو انتظامیہ کی عدم دلچسپی کا فائدہ اٹھا کر محکمہ سینٹیشن اور کچرا چننے والوں نے کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے جس کے باعث پارکس کے اطراف رہا ئش پذیر مکینوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے پارکس کی بحالی کے اقدامات کے بجائے نارتھ ناظم آباد بلاک (J) قلندریہ چوک پر واقع پارک کو کچرا کنڈی بنا دیا گیا ہے اور تمام علاقے کا کچرا مذکورہ پارک میں جمع کردیا جاتا ہے جبکہ کچراپھینکنے اور اْٹھانے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز نے اپنی آسانی کے لیے پارک کی گرل تک توڑ ڈی ہے۔ پارک میں کچرا جمع کرنے کا فائدہ اْٹھا کر دور دارز سے چراہوے پارک کو جانوروں کی چراگاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جس پر علاقہ مکینوں کی جانب سے متعدد مرتبہ علاقہ یوسی چیئرمین سمیت ڈی ایم سی کے دفتر میں شکایات بھی کی گئیں تاہم حکام نے تاحال مذکورہ پارک میں غیر قانونی بنائی گئی کچرا کنڈی ختم کرائی اور ناہی محکمہ پارک کے افسران سے پارک کی ابتر صورتحال پرباز پرس کی گئی جس کا فائدہ اْٹھا کر تاحال پارک کو کچرے کے ڈمپنگ پوانٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے اس ضمن میں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں کچرا کنڈی بنانے سے علاقے میں تغفن پھیل رہا ہے جبکہ موذی بیماریاں پھیلانے والے مچھروں اور کیڑے مکوڑوں نے علاقی مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے علاقی مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کراچی کے پارکوں کو کچرا کنڈی بنانے کا فوری طور پر نوٹس لیں اور پارکوں کی بحالی کے اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریح میسر آ سکے۔