جسارت لیبر فورم کی مزدور مسائل پر سیسی اسپتال لانڈھی میں کھلی کچہری

195

کراچی (رپورٹ:قاضی سراج)جسارت لیبر فورم کے زیر اہتمام پاکستان مزدور اتحاد ٹریڈ یونین فیڈریشن اور نیشنل لیبر فیڈریشن کے تعاون سے مزدور مسائل پر کھلی کچہری سیسی اسپتال لانڈھی میں 3 اکتوبر کو صبح 10 بجے منعقد ہوئی۔ سیسی اسپتال لانڈھی میں علاج و معالجہ کی صورت حال ابتر ہے، ڈاکٹرز مریضوں پر توجہ نہیں دیتے، مختلف کارخانوں میں انتظامیہ نے سیسی اسپتال میں نمائندے مقرر کر رکھے ہیں۔ وہ نمائندے جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کرتے ہیں لیکن لانڈھی، کورنگی اور بن قاسم کی مالکان کی توجہ لانڈھی اسپتال کی طرف نہیں جاتی کہ کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کا علاج کس طرح ہورہا ہے۔ کھلی کچہری میں زمان ٹیکسٹائل کے محمد نثار نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 اور 3 کتوبر کو 2 بجے شب لانڈھی سیسی اسپتال میں اس کی بیوی کے ہاں نارمل پیدائش ہوئی۔ محمد نثار نے افسردگی سے کہا کہ جب بچہ ٹھیک تھا تو متعلقہ عملے کی غفلت سے بچہ انتقال کرگیا۔ سماجی کارکن شیروبنگش نے جسارت کو بتایا کہ او پی ٹی ڈاکٹر عمیرا طاہر اور ڈاکٹر شازیہ راجپوت مریضوں سے بدتمیزی سے پیش آتی ہیں۔ ایک کارخانے کے مزدور اسماعیل نے بتایا کہ اس کا بایاں ہاتھ 2 ہفتہ قبل حادثہ میں ٹوٹ گیا تھا۔ ڈاکٹر نے پلاسٹر کیا ہے۔ دوبارہ دکھانے آئے تو سرجن موجود نہیں تھا۔ اس موقع پرILO پاکستان مزدور اتحاد ٹریڈ یونین فیڈریشن کے صدر واحد خان اور جنرل سیکرٹری عبدالستار نیازی، نیشنل فیڈریشن کراچی کے صدر عبدالسلام، IIL کے رہنما محمد اسماعیل، محسن علی، نادر خان، نور خان، محمد قریشی، شیر اکبر، سماجی کارکن انور زیب اور سعید الرحمن قریشی بھی موجود تھے۔