طلبہ وقت کی قدرکرتے ہوئے اس کا صحیح استعمال کریں‘سعدیہ راشد

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صد سعدیہ راشد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت کی قدر کریں اور اس کا صحیح استعمال کریں۔ حکیم صاحب بھی خود اس کی پابندی سختی سے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا استعمال احتیاط کے ساتھ کریں اور بے جا پانی کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ناظم آباد کراچی میں حکیم محمد سعید اسکالر شپ کی تقسیم چیک و اسناد کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن ، پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج کی پرنسپل سیدہ تطہیر فاطمہ اور ہمدرد فائونڈیشن کے ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن سید محمد ارسلان بھی موجود تھے۔ محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ ہمارے بچپن میں ٹیلی وژن دیکھنے کے لیے ایک وقت مقرر تھا، وقت پر سونا اور صبح سویرے اٹھنا ہوتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمارٹ فون نے نئی نسل کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے جس سے نہ صرف اپنا پیسہ ، وقت ہی ضائع نہیں کر رہے بلکہ صحت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس کے لیے ہمیں ڈسپلن قائم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو بہترین نمبروں سے میٹرک و انٹر میڈیٹ کے امتحانات پاس کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اسی محنت اور لگن کو جاری رکھیں گے۔