ذوالفقار آباد پارکنگ ٹرمینل میں 918 دکانیں شفاف طریقے سے الاٹ کیں،میئر

97

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں 918 دکانیں شفاف طریقے سے الاٹ کی گئی ہیںان میں سے 472 افراد کو الاٹمنٹ دی جا رہی ہے باقی لوگ 15 یوم کے اندر چالان جمع کرادیں ورنہ الاٹمنٹ منسوخ ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ اب مکمل ہو رہا ہے ۔آپ اس کو آباد کریں اور باعزت روزی کمائیں۔ بلدیہ عظمی کراچی تمام سہولتیں فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو شیریں جناح کالونی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں دکانوں کی الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، کے ایم سی کونسل میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی ، پیپلز لائنز ویلفیئر ایسوسی ایشن شیریں جناح کالونی کے نائب صدر راجا شکور احمد سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی تعمیر میں پختون بھائیوں کا بڑا کردار ہے ، پشاور سے زیادہ پختون کراچی میں آباد ہیں ہم سب کو مل کر کراچی کی تعمیر نو کرنی ہے، یہ شہر ہم سب کا ہے ،یہ صوبہ اور یہ ملک ہمارا ہے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک، صوبہ اور شہر کی ترقی کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔