سپلا رہنماؤں کا شپ اونر کالج کے پرنسپل کی برطرفی کا مطالبہ

160

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن (سپلا) کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ دوہفتے گزر گئے ہیں مگر گورنمنٹ شپ اونر کالج کے پرنسپل صلاح الدین ثانی کو ان کے عہدے سے برطرف نہیںکیا گیا جس کے سبب کالج میں ٹھیک طرح سے کلاسز کا آغاز نہیں ہوسکا ہے اور اس کالج کے اساتذہ بھی شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں جبکہ پرنسپل کی جانب سے اب تک ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سپلا کے رہنماؤں پروفیسر سید علی مرتضیٰ ، سپلا کراچی ریجن کے صدر پروفیسرمنور عباس و دیگررہنمائوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کا لج ایجوکیشن حکومتِ سندھ نے تا حال پرنسپل کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس نے اپنے ہی کالج کے اساتذہ پر کالج ہی میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بہیمانہ تشدد کراتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ میں ان تمام اساتذہ کو عبرت کا نشان بنادوں گا!! ایسی صورتحال میں صلاح الدین ثانی کی موجودگی میں اساتذہ کا کالج جانا خطرے سے خالی نہیں ہے ۔ سپلا کے رہنماؤں نے اس خطرناک صورتحال کے باوجود محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے پرنسپل کے خلاف کارروائی نہ کرنے کو سمجھ سے بالا ترقرار دیا ہے ۔ سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ بعض ذرائع سے سننے میں آرہا ہے کہ گورنمنٹ شپ اونر کالج کے کچھ اساتذہ کا تبادلہ کیا جارہا ہے اگر ایسا کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا ، لہٰذا شپ اونر کالج کے صرف پرنسپل کا ہی تبادلہ ہو نا چاہیے اور ان کو کسی بھی کالج میں انتظامی ذمہ داری نہ دی جائے ورنہ وہاں کی بھی صورتحال ایسی ہی ہو جائے گی۔