جے یو آئی کو خیبرپختونخوا سے گزرنے ہی نہیں دیں گے‘محمود خان

120

الپوری ( آن لا ئن)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ اسلام آباد لاک ڈائون کرنے والوں کو خیبر پختونخوا سے گزرنے کی اجازت نہیں دیں گے،اپوزیشن کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے،ہمیں یہودی کہنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام کو کوئی خطرہ نہیں مولانا فضل الرحمن اسلام آباد کی کوشش میں ہیں۔کرپٹ میٹرریڈر کھر پتی بن گئے ہیں،ماضی کی حکومتوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے،سرکاری فنڈ اپنی جیبوں میں ڈال لیا،جن کے پاس سائیکل تک نہیں تھی وہ لوگ ہیلی کاپٹروں میں پھر رہے ہیں،بدعنوانوں کو جیل میں ڈالیں تو اپوزیشن جماعتیں ملک و جمہوریت کو خطرے کا شور مچاتی ہیں،ملک کو بے دردی سے لوٹنے والے چوروں سے ایک ایک پیسے کا حساب لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن ٹیکس فری زون ہے، یہاں5 سال تک کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں ہوسکتا۔مولانانے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کی،اداروں میں عوامی فلاح کے لیے اصلاحات لا ئے ہیں ۔جھوٹے پروپگنڈے پر سیاست کرنے والوں کا وقت چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ شانگلہ کی ترقی کے لیے ترقیاتی پیکج دیتے رہیں گے،پورے صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں تمام تر پسماندگی دور کرنے کے لیے ہر ضلع میں جاکر کام شروع کریں گے۔وزیراعلیٰ نے پریس کلب کے لیے 10لاکھ کی گرانٹ کا اعلان کیا۔