فضل الرحمن کے دھرنے میں( ن) لیگ اور پی پی کی ر قم لگی ہے ، فوادچودھری

127

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اورپاکستان پیپلزپارٹی حکومت کیخلاف مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کو فائنانس کررہے ہیں۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ(ن)لیگ اور پیپلزپارٹی فضل الرحمن کے دھرنے کو حکومت کیخلاف دبا وبڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں،ان کا مقصد اپنے رہنمائوں(نواز شریف اور آصف زرداری)کو جیل سے رہائی دلوانا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ حکومت کرپشن کیسز کو آگے لے کر جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن کے پاس لوگ نہیں ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں جس پر لوگ جمع ہوں، مولانا مدرسے کے بچوں پر تکیہ کررہے ہیں، باقی دونوں جماعتوں کے پاس بھی لوگ نہیں، یہ تینوں جماعتیں اپنے ذاتی مقاصد کے لیے احتجاجی سیاست کرنا چاہتی ہیں، انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں، عام آدمی کو احتجاجی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں، دھرنے کا مستقبل اور کامیابی کا کوئی امکان نہیں۔