ہڑتالی ڈاکٹرز باز نہ آئے تو انہیں فارغ کردیا جائے گا، وزیرصحت

48

وزیرصحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ  کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز ہڑتال سے باز آجائیں ورنہ انہیں نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔

وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں ڈاکٹرز کی ہڑتالوں کا سلسلہ گزشتہ 4،5 ماہ سے جاری ہے، ان کو 40 کے قریب شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں، لیکن اب عوام کو مزید تکلیف کاشکار نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے ہڑتالی ڈاکٹرز سے درخواست کی کہ وہ ہڑتال سے باز آجائیں،ورنہ انھیں نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمزورنہیں بلکہ ہم انھیں وقت دے رہے ہیں،ان کی ہڑتالوں میں سو، ڈیڑھ سے زائد افراد نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے وہ سول نہیں بلکہ  پبلک سرونٹس ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرصحت نے کہا کہ پکوڑوں والی بات پر شوکت یوسفزئی نے بھی وضاحت کی اور میں بھی معذرت کرتاہوں لیکن وہ پکوڑے والے کرپٹ سیاستدانوں سے بہتر ہوتے ہیں۔